عکس بھٹو… محمد حسین

(کراچی) پی پی پی وومن ونگ کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور نے کہا کہ لیاری فنکاروں اور کھلاڑیوں کا گھر ہے۔ یہاں کے نوجوان بہت ہی قابل، صلاحیت سے بھر پور اور ہر ہنر سیکھنے اور سکھانے میں کبھی پیچھے نہیں رہے ہیں۔

لیاری کے چھ کم سن بچوں اور نوجوانوں جس میں احسن یار جان، حسین، شبیر قاسم، ظہور شاہ، طیب بلوچ اور علی جان بلوچ شامل تھے نے اپنے استاد رحیم غلام کی زیرِ نگرانی چند ہی دنوں میں اپنی محنت و لگن سے شہید ذوالفقار بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے چالیس اسکیچ اور پورٹریٹ بنائے جن کو بہت سراہا گیا۔

سیاسی کارکنوں کی باہمی کوششوں سے سندھ اسمبلی میں بروز بدھ اور جمعرات مورخہ 7 اور 8 جنوری ایک ایگزیبیشن ‘عکسِ بھٹو نمائش’ کے نام سے رکھا گیا۔ یہ نمائش شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 93 ویں یومِ ولادت کے موقع پر منعقد کی گئی۔

فریال تالپور نے نمائش میں رکھی گئی تصاویر میں گہری دلچسپی لی اور آرٹسٹ کے فن کی تعریف کی۔ سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ نے بھی بچوں کی محنت اور آرٹسٹس کی تعریف کی اور وزیر تعلیم سعید غنی نے بھی وہاں کا دورہ کیا اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔

وزیرِ ثقافت سردار شاہ، اویس شاہ اور وزیر لوکل گورنمنٹ سید ناصر حسین شاہ، MPA شرمیلا فاروقی اور شازیہ کریماور نادر نبیل گبول نے بھی ایگزیبیشن میں شرکت کی۔ فریال تالپور نے کہا کہ لیاری کے کھلاڑیوں اور فنکاروں سمیت فنونِ لطیفہ سے منسلک تمام آرٹسٹس کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔

پیپلز پارٹی حکومت کو نہ صرف آرٹسٹس کو سہولیات فراہم کرنے چاہییں بلکہ تمام تعلیمی اداروں میں بنیادی سطح پر آرٹ کلاسسز بھی متعارف کروانی چاہییں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں